اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد

اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد

pm

ژوپ ( اے آئی اے  )  وزیر اعظم نواز شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ مغل کوٹ کیرج وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی بلوچستان سے شروع ہو گی، گوادر سے کراچی تک کوسٹل ہائی وے کو بہترین موٹر وے بنا کر رہیں گے ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری پروجیکٹ کی حمایت پر سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں، 2017 کے آخر تک منصوبے مکمل ہو جائیں گے، 243 کلومیٹر لمبی سڑک اپریل 2016 تک مکمل ہو جائے گی اور اس کی فنڈنگ اپنے ترقیاتی بجٹ سے کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ 3 سے 4 برسوں میں 150 سے 200 ارب روپے سڑکوں کیلئے خرچ کر رہے ہیں اور گوادر بہترین پورٹ بن رہا ہے۔ گوادر میں شاہکار ائیر پورٹ بھی بنا رہے ہیں، مغربی روٹ اور موٹر ویز کی تعمیر پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھا رہے ہیں، گوادر سے کراچی تک کوسٹل ہائی وے کو بہترین موٹر وے بنا کر رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان، ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان تک جانا ہے، گوادر سے ہوشاب تک سڑک اگلے ماہ مکمل ہو جائے گی یہ سڑک 194 کلو میٹر طویل ہے، ہم افغانستان سے بھی آگے علاقوں تک تجارتی راستے بنائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزراعبد القادر بلوچ، جام کمال، قومی سلامتی کے مشیر، جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، سیاسی رہنما مولانا فضل الرحمان، مشاہد حسین سید، میر حاصل بزنجو، محمود خان اچکزئی اور میاں افتخار حسین بھی موجود تھے۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ لاہور کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم خطے میں ایک دوسرے کے دشمن بن کر نہیں رہ سکتے اس لیے ہندوستان سے ازسر نو ڈائیلاگ شروع کرنے پر بات چیت کی گئی اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ باہمی تنازعات بھائی چارے اور دوستی کی فضا میں حل کیے جائیں گے۔ قبل ازیں نو منتخب وزیر اعلی بلوچستان ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں سے بلوچستان کے عوام خوشحال ہوں گے اور اب اقتصادی راہداری سے متعلق منفی پراپیگنڈے کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔

About author