اے آئی جی اسلام آباد پولیس عاشر حمید کی موت کا معمہ حل
— August 2, 2016
اسلام آباد (اے آ ئی اے ) اسلام آباد پولیس کے اے آئی جی عاشر حمید کی پراسرار موت کا معمہ حل ہو گیا ہے . فرانزک رپورٹ کے مطابق اے آئی جی آپریشن اسلام آباد عاشر حمید کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔ پنجاب فرانزک لیبارٹری کی کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ کے مطابق اے آئی جی عاشر حمید کے دل کی 2 شریانیں مکمل طور پر بند تھیں جب کہ دو شریانیں جزوی طور پر بند ہونے اور شریانوں کے سکڑنے اور ان میں چربی جم جانے کے باعث دباؤ پیدا ہو گیا جس کی وجہ سے عاشر حمید کو خون کی الٹی بھی ہوئی اور ان کی موت واقع ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق عاشر حمید کے معدے میں زہریلے اجزا کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ عاشر حمید گزشتہ برس اکتوبر سے اے آئی جی آپریشنز اور اسٹیبلشمنٹ کے فرائض سر انجام دے رہے تھے جب کہ موت سے ایک ماہ قبل ہی ان تبادلہ بلوچستان ہو چکا تھا تاہم موت کے وقت تک وہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں واقع آفیسر میس میں رہائش پذیر تھے اور 22 جولائی کی صبح عاشر حمید اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔