باچا خان یونیورسٹی پر حملہ ، پروفیسر سمیت 20 طلبہ شہید
— January 20, 2016
چارسدہ ( اے آ ئی اے ) باچاخان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں کیمسٹری کے پروفیسر سمیت 20 طلباء شہید ہوگئے ہیں۔ پاک فوج نے آپریشن کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے آپریشن کلیئرنس شروع کردیا ہے، چارسدہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے تین اطراف سے حملہ آور آئے اورباچا خان یونیورسٹی میں پھیل گئے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق تین حملہ آور عمارت میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی جبکہ دھماکے بھی سنے گئے ہیں ۔ پاک فوج نے آپریشن کے دوران 6 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ جبکہ پاک فوج کے 3 ہیلی کاپٹر بھی یونیورسٹی کے اوپر پرواز کررہے ہیں اور کمانڈوز ہر ایک بلاک میں جا کر کلیئر کررہے ہیں . پاک فوج نے کہاہے کہ چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملہ کرنیوالے تمام 6 حملہ آوروں کو موت کے گھاٹ اتاردیاگیا ہے اور فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ باچاخان یونیورسٹی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل ہوگیا ہے اور تمام حملہ آور مارے گئے ہیں۔ یونیورسٹی میں فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کی فضائی نگرانی کی جارہی ہے اور پاک فوج کے تین ہیلی کاپٹر یونیورسٹی کے اوپر موجود ہیں جبکہ یونیورسٹی کے ہر ایک بلاک کی تلاشی لی جارہی ہے اور یونیورسٹی کو مرحلہ وار کلیئر کیا جارہا ہے۔