بینک دولت پاکستان نے تاجر خواتین کے لیئے ری فنانس اسکیم کے تحت قرضے کا حجم بڑھا دیا
— August 18, 2020
کراچی ( اے آئی اے ) بینک دولت پاکستان نے تاجر خواتین کی مدد کے لیے ری فنانس اسکیم کے تحت قرضے کا حجم بڑھا دیا تفصیلات کے مطابق بینک دولت پاکستان نے معیشت میں خواتین کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنی ‘ری فنانس اینڈ کریڈٹ گارنٹی اسکیم فار ویمن انٹرپرینرز ‘ کے تحت فنانسنگ کی حد 15 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کردی ہے بینک دولت پاکستان کی جانب سے یہ فیصلہ خواتین تاجروں کی مالکاری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے موجودہ فنانسنگ حد کے ناکافی ہونے کے بارے میں مختلف متعلقہ فریقوں سے حاصل ہونے والی آراء کی روشنی میں کیا گیا ہے یہ فیصلہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو تقویت دینے اور بحال کرنے کی حکومت پاکستان کی پالیسی اور بینک دولت پاکستان کے اس کلیدی ہدف سے مطابقت رکھتا ہے کہ خواتین تاجروں سمیت ترجیحی شعبوں کی فنانس تک رسائی بہتر بنائی جائے ابتدائی طور پر اگست 2017ء میں بینک دولت پاکستان نے ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں خواتین تاجروں کی مالی شمولیت اور فنانس تک رسائی کو فروغ دینے کے لیے ری فنانس اینڈ کریڈٹ گارنٹی اسکیم فار ویمن انٹرپرینرز متعارف کرائی تھی بعد میں اسکیم کا دائرۂ کار بڑھا کر اسے پورے پاکستان پر محیط کردیا گیا تھا