ترکی کا سب سے بڑا اخبار زمان بند کر دیا ، صحافی سراپا احتجاج

ترکی کا سب سے بڑا اخبار زمان بند کر دیا ، صحافی سراپا احتجاج

zaman-protests

استنبول ( اے آ ئی اے )  ترکی کی پولیس نے استنبول میں زمان اخبار کو عدالت کی جانب سے ریاستی کنٹرول میں دیے جانے کے چند گھنٹوں بعد اس کے دفاتر پر چھاپہ مارا اور سیل کر دیاہے،پولیس کے اس اقدام کیخلاف  صحافیوں کی جانب سے مظاہرے بھی شروع کر دیئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کی ایک عدالت نے جمعے کو حکم دیا تھا کہ اخبار زمان کو اب ریاست کے ماتحت چلایا جائے جبکہ عدالت نے اپنے حکم میں اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ جس کے بعد زمان اخبار کے سینکڑوں حامیوں نے اخبار کے دفتر کے باہر جمع ہو کر اس فیصلے کیخلاف احتجاج کیا اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔اخبار زمان کی تقریباً ساڑھے چھ لاکھ کاپیاں شائع کی جاتی ہیں۔ ترک حکومت کو صحافیوں کے ساتھ نارواسلوک کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کا سامنا بھی ہے ۔ اس سے قبل زمان اخبار کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ترکی آزادیِ صحافت کے حوالے سے تاریک ترین دنوں سے گذر رہا ہے۔جبکہ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے ترک حکومت کی جانب سے زمان اخبار کو ریاستی کنٹرول میں لیے جانے کی مذمت کی ہے۔حکومت کا یہ اقدام ترکی کی ایک آئینی عدالت کی جانب سے ملک کے دو صحافیوں کو رہا کرنے کے حکم کے بعد سامنے آیا ہے۔ان دونوں صحافیوں پر ملکی راز افشا کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

About author