سابق چیف جسٹس پاکستان اجمل میاں انتقال کر گئے
— October 17, 2017
کراچی ( اے آ ئی اے ) سابق چیف جسٹس پاکستان اجمل میاں انتقال کر گئے۔ جسٹس اجمل میاں 23 دسمبر 1997ء سے 30 جون 1999ء تک سپریم کورٹ پاکستان کے چیف جسٹس رہے۔ ان کے انتقال کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے عدالتی امور معطل کر دئیے۔ ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر مسجد مصطفی ڈی ایچ اے میں ادا کی گئی جبکہ تدفین میوہ شاہ قبرستان میں ہوئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار‘ وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر اہم شخصیات نے جسٹس اجمل میاں کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کی عمر 83 برس تھی۔ جسٹس ریٹائرڈ اجمل میاں کی پیدائش 1934ء میں ایک کاروباری گھرانے میں ہوئی۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان کراچی منتقل ہوگیا جہاں اجمل میاں نے اکنامکس اور پولیٹیکل سائنس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔ برطانیہ سے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اجمل میاں نے نامور قانون دان شریف الدین پیرزادہ کے چیمبر میں وکالت شروع کی۔ جسٹس اجمل میاں 1973ء میں ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے اور پھر ترقی کرتے ہوئے پہلے سندھ ہائیکورٹ کے اور بعد میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے