سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 122 ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 122 ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط

Pakistan-Saudi-Arabia

اسلام آباد ( اے آ ئی اے ) سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 122 ملین ڈالر کی ترقیاتی امداد کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں ، یہ امداد نقد اور جنس کی شکل میں دی جائیگی جو پاکستان اور آزاد کشمیر میں خرچ کی جائے گی۔ اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان ہونیوالے معاہدوں پر دستخط  کرنے کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں ہوئی۔ وفاقی وزیر خزانہ ،ریوینو،اقتصادی امورشماریات و نجکاری سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سعودی سفیرعبداللہ مرزوق الزہرانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ چھ معاہدوں  پر سعودی عرب فنڈ برائے ترقی کے سینئر ترین عہدیدار اور پاکستان کے وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ  نے دستخط کیے ۔ یہ رقم مالی امداد اور قرضوں کی شکل میں دی جائے گی جو اسلام آباد، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں خرچ کی جائے گی ۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان کا بڑا حمایتی ہےاور ملک کی معاشی ترقی میں تعاون کررہاہے ۔ اُنہوں نے بتایاکہ سعودی عرب نے نیلم جہلم سمیت دیگر منصوبوں میں بھی تعاون کیا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے کے اچھے تعلقات ہیں۔ سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے وائس چیئرمین یوسف ابراہیم نے کہاکہ سعودی عرب پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

About author