سندھ کے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم
— April 4, 2024
کراچی( اے آئی اے )سندھ کے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے محکموں میں عائد بھرتیوں پر پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی اور ساتھ ہی ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے کو30 جون 2024 تک توسیع دی جنہیں کوویڈ-19وبائی امراض کے دوران تعینات کیا گیا تھا۔صوبائی کابینہ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہواجس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔ کابینہ اراکین نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سرکاری محکموں میں نچلے گریڈ کی ہزاروں آسامیاں خالی ہیں۔ بھرتیوں پر پابندی اٹھانے سے نہ صرف محکموں کے کام میں بہتری آئے گی بلکہ نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ کے اراکین کی رضامندی سے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر پابندی اٹھانے کی منظوری دیتے ہوئے وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار اور ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ وہ اس کیس کی عدالت میں پیروی کریں اور خالی اسامیوں کے حوالے سے حکم امتناعی کو خارج کرنے کی درخواست دیں۔