عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس قاہرہ میں طلب
— January 5, 2016
قاہرہ ( اے آئی اے ) سعودی اور ایران کے درمیان کشیدہ صورت حال پر عرب لیگ نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اتوار کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں تہران میں سعودی سفارت خانہ پر دھاوا، خطے کی صورت حال سمیت مستقبل میں تہران کے ساتھ سفارتی تعلقات بارے فیصلہ کیا جائیگا۔ ایک رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کے نائب سیکرٹری جنرل السفیر احمد بن حلی نے کہا کہ عرب لیگ کے رکن ممالک کے وزراء خارجہ کا ایک ہنگامی اجلاس آئندہ اتوار کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر بلایا جا رہا ہے، اجلاس میں تہران میں سعودی سفارت خانے کے حوالے سے ایران کی خلاف ورزیوں کو زیر بحث لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اجلاس کا مقصد عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں ایران کی مداخلت کی پْرزور مذمت ہے۔ اس سے قبل عرب لیگ نے ایران میں سعودی سفارت خانے پر ہونے والے حملے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نبیل العربی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی منشور اور روایات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ ایران کو عرب ممالک کے داخلی امور میں عدم مداخلت کے اصول کا احترام کرنے کی ضرورت ہے اور ملکوں کا یہ حق ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی سلامتی اور سماجی یکجہتی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے ملکوں کے عدالتی فیصلوں پر تبصرہ کرے۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے انسداد دہشت گردی اور مملکت میں امن واستحکام کے سلسلے میں سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا اور ساتھ ہی یہ بھی باور کرایا کہ عرب لیگ بھرپور سپورٹ کے ساتھ ان کوششوں میں مملکت کے شانہ بشانہ ہے۔