ٹائٹن حادثہ کے بعد اوشین گیٹ نے تمام سرگرمیاں معطل کردیں

ٹائٹن حادثہ کے بعد اوشین گیٹ نے تمام سرگرمیاں معطل کردیں


نیویارک ( اے آئی اے ) ٹائٹن حادثہ کے بعد اوشین گیٹ نے تمام سرگرمیاں معطل کردیں تفصیلات کے مطابق بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کا ملبہ دکھانے کیلئے سمندر کی تہہ میں جانے والی آبدوز ’’ٹائٹن‘‘ کی ملکیتی کمپنی ’’اوشین گیٹ‘‘ نے تمام سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک معطل کردی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوشین گیٹ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری مختصر پیغام میں کہا ہے کہ اوشین گیٹ نے تمام ایکسپلوریشن اور کمرشل آپریشنز کو معطل کر دیا ہے ۔کمپنی نے بتایا کہ اوشین گیٹ کے سی ای او اسٹاکٹن رش بھی اُس بدقسمت آبدوز میں سوار تھے جو 18جون کو روانہ ہوئی اور پھر 22جون کو اس کا ملبہ ملا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ٹائی ٹینک کا ملبہ دکھانے کیلئے سمندر کی تہہ میں جانے کے سفر کے دوران آبدوز ’ٹائٹن‘ پھٹ گئی تھی، آبدوز ’ٹائٹن‘18 جون کو ٹائی ٹینک کی طرف غوطہ لگانے کے تقریباً 1گھنٹہ 45منٹ بعد ہی ممکنہ طور پر تباہ ہوگیا تھا۔حکام نے 22 جون کو تصدیق کی کہ ٹائٹن کو تباہ کن حادثے کا سامنا کرنا پڑا ، اس حادثے میں آبدوز میں سوار تمام 5افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس میں کمپنی کے سی ای او بھی شامل تھے، حادثے میں دو پاکستانی شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد بھی جاں بحق ہوئے تھے۔ کمپنی نے سمندر کی سطح سے تقریباً 12,500 فٹ نیچے ٹائی ٹینک کی 111سال پرانی باقیات کے لیے ٹائٹن آبدوز پر فی کس ڈھائی لاکھ ڈالر وصول کیے تھے۔ دوسری جانب کمپنی کی ویب سائٹ پر اب بھی مہمات کی نمایاں ریلیز کے ساتھ ساتھ ٹائی ٹینک کے ملبے کے دورے سمیت دیگر مہم کی پیش کشوں کی تفصیل بھی شامل ہے۔

About author