پاکستانی تعلیمی اداروں میں کرکٹ کے فروغ کیلئے معاہدے پر دستخط
— August 5, 2024
اسلام آباد ( اے آئی اے ) پاکستانی تعلیمی اداروں میں کرکٹ کے فروغ کیلئے معاہدے پر دستخط تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پرپاکستان بھر میں تعلیمی اداروں میں کرکٹ کو فروغ دینے اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے ( بوائز و گرلز ) سکولز،کالجز اور یونیورسٹیزکی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹس اور لیگز کرائی جائیں گی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سی ڈی اے کے مابین معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جاری بیان کے مطابق ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی عبداللہ خرم نیازی،انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد عثمان خان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر سپورٹس جاوید علی میمن نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں. معاہدوں کے تحت آئی بی سی سی تمام تعلیمی بورڈز کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹس کے انتظامات کی نگرانی کرے گا۔اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ایچ ای سی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بہترین کھلاڑیوں کو سپورٹس سکالرشپ دینے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔پی سی بی کرکٹ سکالرشپ کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا جنہیں کھیلوں کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ دیا جائے گا۔پی سی بی کے کوچز سکولوں کا دورہ کریں گے اور سکول میں کیمپوں کے دوران لڑکوں اور لڑکیوں کو تربیت فراہم کریں گے۔ایچ ای سی ، پی سی بی کی مشاورت سے کرکٹ کے فروغ کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے کا روڈ میپ تیار کرے گا۔پی سی بی مرد اور خواتین کے انٹر یونیورسٹیز چیمپئن شپ سے ٹاپ کھلاڑیوں کو منتخب کرے گا اور یہ کھلاڑی پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں سالانہ تربیتی کورسز میں شرکت کریں گے،پی سی بی اعلی تعلیمی اداروں کے گراؤنڈ مین اور کیوریٹرز کو مفت تربیت دے گا۔