پاکستان واپس ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب گامزن ہے ، مریم اورنگزیب
— June 17, 2024
لاہور ( اے آئی اے ) سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور صنعت کار برادری کو ریلیف دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 100 دن میں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق اور مریم نواز شریف نے پنجاب میں عوامی خدمت اور ملکی معیشت کی بحالی کے لئے بے مثالی کام کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا بجٹ معیشت کو درست سمت میں ڈالنے اور استحکام دینے کا نظریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ ہوا وہ سلسلہ اب بند ہوچکا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کا بیڑہ اٹھایا،بہادری، دلیری اور نیک نیتی سے عوام کا بازو بنے اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب ملک کو معاشی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری ہے۔قائد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کو واپس ترقی و خوشحالی کی منزل کی طرف تیزی سے لیجا رہی ہے۔