پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی فاطمہ بھٹو کا سادگی سے نکاح
— April 29, 2023
کراچی ( اے آئی اے ) پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی اور میر مرتضٰی بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو کا نکاح سادگی سے نجی تقریب میں انجام پایا ہے۔ فاطمہ بھٹو کے نکاح کی اطلاع جمعے کو اُن کے بھائی ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دی۔ذوالفقار علی بھٹو جونیئر اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’اپنے والد شہید میر مرتضٰی بھٹو اور بھٹو فیملی کی جانب سے میں بہت خوشی سے یہ اچھی خبر شیئر کر رہا ہوں۔‘ ’میری ہمشیرہ فاطمہ اور گراہم (جبران) کا نکاح گزشتہ روز ہمارے گھر 70کلفٹن کراچی میں ایک نجی تقریب میں ہوا ہے۔انہوں نے لکھا کہ ’میرے دادا کی لائبریری میں ہونے والی تقریب میں فاطمہ کے عزیزواقارب نے شرکت کی، یہ وہ جگہ ہے جو میری ہمشیرہ کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ ہمارے ملک کے لوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، جس کے باعث ہم نے سوچا کہ اسے پرتعیش طریقے سے منانا زیادتی ہو گی۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’فاطمہ اور گراہم (جبران) کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔