پاکستان میں اب جعلی کرنسی نوٹوں کی با آسانی پہچان ممکن
— January 1, 2016
اسلام آباد ( اے آ ئی اے ) کاروباری لوگوں کے لئے سب سے بڑا مسئلہ جعلی کرنسی اور اس کی پہچان کا ہے کیونکہ جعلی کرنسی بنانے والے بھی اپنے فن میں یکتا ہیں تو سٹیٹ بنک نے بھی اس کا توڑ موبائل ایپ میں ڈھونڈ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جعلی کرنسی نوٹوں کی باآسانی پہچان اب ممکن ہو سکے گی، سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مشکل آسان کر دی ہے اور شہریوں کے لئے بڑی سہولت متعارف کروا دی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے جعلی نوٹوں سے بچنے کیلئے آئی او ایس ڈیواسز (آئی فونز اینڈ آئی پیڈز) اور انڈرائیڈز کے لئے موبائل ایپ بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے ایپ متعارف کروا دی ہے، بینک نوٹ ایپ کی بدولت جعلی نوٹوں کی پہچان با آسانی ممکن ہو سکے گی۔ سٹیٹ بینک کی انگلش اور اردو دونوں زبانوں میں نوٹ ایپ صارفین کے لئے دستیاب ہے وہ جب چاہیں اس موبائل ایپ کو حاصل کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر میں سٹیٹ بینک نے مارکیٹ میں زیر ِ گردش جعلی نوٹوں پر تحفظات پر مبنی تفصیلی رپورٹ جمع کرائی تھی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کاروباری حضرات اور شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات کے پیش نظر جعلی نوٹوں کی شناخت کیلئے موبائل ایپ بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ موبائل صارفین ایپ میں کرنسی نوٹ کی مالیت منتخب کر کے کرنسی نوٹ میں رکھے گئے مخصوص سکیورٹی سیف گارڈز دیکھ سکتے ہیں۔ موبائل ایپ میں 10, 20, 50, 100, 500, 1000, 5000 روپے تک کے نوٹوں کی شناخت کی سہولت رکھی گئی ہے۔