سندھ حکومت کا زکوٰۃ خود جمع کرنے کا فیصلہ
— January 4, 2016
کراچی (اے آ ئی اے) سندھ حکومت نے قوانین کے تحت زکوۃ خود جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے چیف سیکرٹری کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری سندھ ان کی طرف سے خط لکھ کر وفاقی حکومت کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ زکوۃ اور اسٹیٹ بینک سے بھی رابطہ کر کے سندھ حکومت کے اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں محکمہ زکوۃ کو کہا گیا ہے کہ وہ سندھ بینک اور سندھ حکومت سے رابطہ کر کے زکوۃ جمع کرنے کے طریقہ کار طے کریں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں مراد علی شاہ‘ چیف سیکرٹری سندھ‘ سیکرٹری زکوۃ ‘ پرنسپل سیکرٹری‘ سیکرٹری انٹر پروونشیل کوآرڈی نیشن‘ ایڈووکیٹ جنرل اور چیئرمین زکوۃ کونسل جسٹس زاہد قربان علوی نے بھی شرکت کی۔