پاکستان میں کپاس کی پیداوار گزشتہ 15 برسوں کے مقابلے میں کم ترین سطح پر
— January 12, 2016
رحیم یار خان (اے آ ئی اے ) پاکستان میں اس سال ملک کی مجموعی پیداوار مقررہ ہدف سے 34 فیصد کم ہے اور کپاس کی پیداوار پچھلے پندرہ سال کے مقابلے میں کم ترین ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال آغاز سے اب تک ملک بھر میں کپاس کی 92 لاکھ 79 ہزار 105 بیلز آچکی ہیں جو ملکی پیداوار کی پچھلے پندرہ سال کے مقابلے میں کم ترین پیدوار ہے۔ پنجاب میں 55 لاکھ 74 ہزار 767 بیلز ہیں جو 45 فیصد کم ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں سندھ میں 37 لاکھ 4 ہزار 338 بیلز ہیں جو صرف 4 فیصد کم ہیں۔ زرعی ماہرین کے مطابق پنجاب میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیداواری ہدف کم ہے۔ کھاد اور اسپرے وغیرہ کا مہنگا ہونا اور رہی سہی کسر کپاس کی فصل پر کیڑوں کا حملہ اور قیمت کا اچھا نہ ملنا زمیندار کی کمر توڑ دیتا ہے۔ یورپی یونین سے پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس ملنے کے باوجود بدقسمتی سے ٹیکسٹائل ملز کو بجلی اور گیس کی فراہمی نہ ہونے پر خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ اب پاکستان نے پیداواری ہدف کو پورا کرنے کے لے انڈیا سے 15 لاکھ بیلز درآمد کی ہیں اور مزید ویسٹ افریقہ سے منگوائی جا رہی ہیں۔ پیداواری ہدف کو پورا کرنے کے لیے حکومت کو چاہیے کہ ڈیڑھ سال سے تعطل کا شکار کاٹن پالیسی کا اعلان کرے۔