کولمبیا میں 25 ہزار افراد میں زکا وائرس کی تصدیق
— February 8, 2016
بگوٹا ( اے آ ئی اے ) زکا وائرس نے کولمبیا میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے اور زکا وائرس سے لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ اکتیس سو حاملہ خواتین زکا وائرس کا شکار ہوگئیں ہیں جبکہ کولمبیا کے صدر جوآن مینوئل سینٹوس نے ملک بھر میں پچیس ہزار چھ سو پینتالیس افراد میں زکا وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق زکا وائرس لاطینی امریکا کے ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ ایشیائی حکومتوں نے مچھر کی وجہ سے پھیلنے والی بیماری کے سدباب کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق زکا وائرس نوزائیدہ بچوں میں دماغ کو پہنچنے والے نقصان جیسے پیدائشی نقص اور عارضی فالج کا سبب بنتا ہے۔ کئی ایشیائی ممالک نے مسافروں خاص طور پر حاملہ خواتین کو وسطی اور جنوبی امریکہ کا سفر اختیار نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دوسری طرف برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں ہونے والے والے اولمپکس گیمز بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت اور امریکا میں امراض کے کنٹرول کے مراکز کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ زکا وائرس براعظم امریکا کے کئی ممالک میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے جس سے چالیس لاکھ افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔