وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر کے لئے فوری 1000 ڈاکٹروں کو بھرتی کرنے کا حکم دے دیا
— March 1, 2016
کراچی ( اے آ ئی اے ) وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر کے لئے فوری 1000 ڈاکٹروں کو بھرتی کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تھر کی صورتحال پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سندھ نے بریفنگ دی۔ وزیر صحت جام مہتاب ڈھہر کے مطابق تھر کی 6 تحصیلوں میں 170 ڈسپنسریاں شروع کروائی ہیں۔ ڈسپنسریوں میں 557 ملازمین کو نوکریاں دی گئی ہیں لیکن تاحال تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے تنخواہیں فوری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ جام مہتاب نے بریفنگ میں بتایا کہ محکمہ صحت نے تین روزہ مڈ وائفری کورس 167 خواتین کو کروایا ہے۔ وزیر صحت نے مزید بتایا کہ جو بچے پیدائش کے بعد سانس لینے میں دشواری سے انتقال کر جاتے ہیں ان کے لئے خصوصی بیگ فراہم کر دئیے گئَے ہیں۔ ان اقدامات سے بچوں کی اموات میں 32 فیصد تک کمی ہو گی۔