پشاور میں سرکاری ملازمین کی بس کو بم سے اڑا دیا گیا ، 16افراد شہید
— March 16, 2016
پشاور ( اے آ ئی اے ) پشاور میں سنہری مسجد روڈ پر سرکاری ملازمین کی بس کو ایک بم سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سول سیکرٹریٹ کے ملازمین سمیت 50 سے زائد افراد کو لے کر بس معمول کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر مالاکنڈ درگئی سے پشاور جال رہی تھی کہ اس دوران سنہری مسجدروڈ پر اس میں زور دار دھماکہ ہوا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد شہید اور پاکستان ایئر فورس کے 3اہلکاروں ،3 خواتین اور 2 بچوں سمیت 40 افراد زخمی ہو گئے ہیں . جنہیں پشاور کے لیڈی ریڈ نگ ہسپتال ، کنٹونمنٹ ہسپتال اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کر دیا گیا جہاں چند زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، صورتحال کے پیش نظر لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکر دی گئی ۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ انچارج بم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بس میں 8 کلو گرام بارودی مواد ٹائم ڈیوائس کے ساتھ سی این جی کے چار سیلنڈر ز کے قریب نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ ایس ایس پی آپریشنز عباس مجید مروت نے بتایا کہ بس روزانہ اسی روٹ پر آتی تھی اور اس میں 40 سے زائد افراد سوار تھے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکا خیز مواد بس کے اندر نصب تھا اور بظاہر دھماکا پلانٹڈ ڈیوائس کے زریعے کیا گیا ۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں بم دھماکے کا نشانہ بننے والے 54 افراد لائے گئے ۔