پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے بلندیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے
— June 15, 2016
کراچی ( اے آ ئی اے ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے بلندیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا، کے ایس ای100 انڈیکس 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 37500 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا، تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 83 ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 74 کھرب سے بڑھ کر 75 کھرب روپے کی سطح پر جا پہنچا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا سرمایہ کار توانائی، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس، بینکنگ اور ٹیلی کام سیکٹر میں سرگرم دکھائی دیئے جس کی وجہ سے کاروبار کے دوران انڈیکس 37000،37100،37200،37300،37400اور 37500 پوائنٹس کی 6 بالائی حد عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق ایم ایس سی آئی ایمرجنگ مارکیٹ انڈیکس میں پاکستانی کمپنیوں کی شمولیت کے واضح امکانات کے پیش نظر سرمایہ کار مارکیٹ میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں اور منافع بخش شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کی وجہ سے خریداری میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے ۔منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 537.79 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 36979.96 پوائنٹس سے بڑھ کر 37517.75 پوائنٹس پر جا پہنچا اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 413.29 پوائنٹس کے اضافے سے 21385.38 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 24738.85 پوائنٹس سے بڑھ کر 25016.87 پوائنٹس پر بند ہوا۔ منگل کے روز مارکیٹ کے سرمائے میں 83 ارب 38 کروڑ 22 لاکھ 74 ہزار 458 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 74 کھرب 19ارب 5 کروڑ 9 ہزار 4 روپے سے بڑھ کر 75 کھرب 2 ارب 88 کروڑ 22 لاکھ 83 ہزار 462 روپے ہوگیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز 14 کروڑ 35 لاکھ 63 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 9 ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ پیر کے روز 13 کروڑ 94 لاکھ 16 ہزار حصص کے سودے ہو ئے تھے اور ٹریڈنگ ویلیو اس روز 7 ارب روپے تک محدود رہی تھی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز مجموعی طور پر 331 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 202 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 109 میں کمی اور 20 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ 2 کروڑ 73 لاکھ، پاک انٹرنیشنل بلک 1 کروڑ 7 لاکھ، اینگرو فرٹیلائزر 88 لاکھ 43 ہزار، سوئی نادرن گیس کمپنی 71 لاکھ 21 ہزار اور ٹی آرجی پاک لمیٹڈ 52 لاکھ 98 ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے رفحان میظ کے بھاؤ میں 405 روپے اور میری پیٹرولیم کے بھاؤ میں 35.49 روپے کا اضافہ جبکہ نیسلے پاک کے بھاؤ میں 100 روپے اور فلپس موریز پاک کے بھاؤ میں 24.24 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔