شہر قائد کو پھر روشنیوں کا شہر بنانا ہے . مراد علی شاہ

شہر قائد کو پھر روشنیوں کا شہر بنانا ہے . مراد علی شاہ

CM SINDH

کراچی ( اے آ ئی اے ) کراچی میں بد ترین لوڈ شیڈ نگ کو ختم  کرنے کے لیئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سرگرم ہوگئے ہیں۔ جمعہ کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کے الیکٹرک کا اجلاس ہوا ہے ۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ ،سیکرٹری توانائی،کمشنر کراچی اور کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر محمد طیب اور مختلف شعبوں کے ذمہ دار شریک ہوئے۔ اجلاس میں شہر قائد میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ختم کرنے پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ شہر قائد کو روشنیوں کی اصل پہچان دلانا چاہتے ہیں، جس شہر کی پہچان روشنیوں کے شہر کے طور پر ہو اس شہر میں اندھیرا کیوں ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بد امنی میں اضافے کی وجہ یہی اندھیرا ہے جبکہ بارش کی چند بوندیں پڑنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کے الیکٹر ک انتظامیہ سے سوال کیا کہ بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹر ک کے سارے فیڈرز کیسے ٹرپ ہو جاتے ہیں۔ جس پر کے الیکٹرک نے وزیر اعلیٰ کو اپنی روداد بھی سنائی اور کہا کہ سندھ سیکرٹریٹ سمیت دیگر ادارے کے الیکٹرک کے واجبات ادا نہیں کر رہے ہیں ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد طیب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر قائد میں بجلی کی طلب 3056 میگاواٹ ہے، جبکہ 2635 میگاواٹ سپلائی کی جا رہی ہے، اور 42 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ کے الیکٹرک 2300 میگاواٹ مزید بجلی حاصل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ ہاﺅس میں سندھ اینگرو کول مائیننگ کمپنی کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرکے ملک کو لوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے پاک کیا جائے اور انہوں نے اس حوالے سے میرے والد سید عبداﷲ شاہ کے ساتھ کام کا آغاز بھی کردیا تھا جو کہ وہ اس وقت وزیراعلیٰ سندھ تھے اوراب اﷲ تعالیٰ نے مجھے یہ موقع فراہم کیا ہے کہ میں اپنے قائد کے خواب کو حقیقت کا روپ دوں اور میرے والد نے جو کام چھوڑا تھا اسے مکمل کروں۔۔سندھ اینگروکول مائیننگ کمپنی نے تھرکول فیلڈبلاک ٹو میں کھدائی کا کام شروع کردیا ہے اور وہ 2019تک کوئلے سے چلنے والا پاور پلانٹ نصب کرے گی جس سے 660میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ اجلاس میں سینئر میمبر بورڈ آف روینیو رضوان میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ، سیکریٹری انرجی آغا واصف،سیکریٹری داخلہ ریاض میمن،سیکریٹری آبپاشی ظہیر حیدر شاہ،(SECMC)کے سی ای او شمس الدین شیخ نے اپنے دو ڈائریکٹر فضل رضوی اور ایم ثاقب کے ہمراہ شرکت کی۔

About author