مسلح افواج تمام چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جنرل باجوہ
— February 2, 2017
سیالکوٹ ( اے آ ئی اے ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج تمام چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، ہمارے بہادر جوانوں نے جس طرح جنگوں میں حصہ لیا اور اپنی پاک سرزمین کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے وہ قابل قدر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے سیالکوٹ کینٹ میں اپنی یونٹ 16 بلوچ رجمنٹ میں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سیالکوٹ آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے ان کا استقبال کیا، آرمی چیف نے سارا دن سیالکوٹ میں گزارا اور یونٹ کے حاظر سروس افسروں اور ریٹائر ہونے والے فوجیوں سے ملاقاتیں کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یونٹ میں آکر ان کی پرانی یادیں تازہ ہو گئی ہیں۔ مجھے اس یونٹ میں کام کرنے کی تربیت اور تجربہ نے پروفیشنل لائف کے چیلنجز سے نبردآزما ہونا سکھایا۔ چیف آف آرمی سٹاف کمیشن حاصل کرنے کے بعد بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ 16 بلوچ رجمنٹ میں شامل ہوئے تھے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اور انکے والد دونوں نے اس رجمنٹ کی کمانڈ کی تھی۔ یونٹ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجیوں نے کہا کہ ہم فخر محسوس کرتے ہیں کہ ان کی یونٹ کا آفیسر چیف آف آرمی سٹاف کے عہدہ پر فائز ہے۔