امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب نے تباہی مچا دی
— August 29, 2017
ہیوسٹن ( اے آ ئی اے ) امریکی ریاست ٹیکساس میں سمندری طوفان ہاروے کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں دس افراد ہلاک اور کئی افراد لاپتہ ہو گئے ہیں ۔ ایک رپورٹ کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ٹیکساس میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ امریکا کی نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ ٹیکساس کا شہر ہیوسٹن متاثر ہوا ہے جہاں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے جب کہ سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہے اور سفر کرنا تقریباً نا ممکن ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہیوسٹن میں 24.1 انچ بارش ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے ہزاروں افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جب کہ اب تک ایک ہزار کے قریب افراد کو امدادی عملے کی جانب سے ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ تیز ہواؤں اور مسلسل بارش کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ہزاروں افراد بجلی کی فراہمی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ ٹیکساس کے گورنر ایبٹ نے ریسکیو اور تعمیر نو آپریشن کے لیے 1800 فوجی اہلکاروں کو متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیا ہے جب کہ ان کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران مزید بارشوں کا بھی امکان ہے۔ ہیوسٹن امریکا کے گنجان آباد ترین شہروں میں سے ایک ہے جس کی آبادی تقریباً 66 لاکھ کے قریب ہے