سندھ میں اساتذہ کے تبادلوں کے لیئے ای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز
— July 7, 2021
کراچی ( اے آئی اے ) سندھ میں اساتذہ کے تبادلوں کے لیئے ای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز تفصیلات کے مطابق محکمہ ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ میں اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتی کے لئے سندھ کابینہ سے منظور شدہ ای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز کردیا ہے صوبائی وزیر تعلیم نے سندھ اسکولز انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ای پورٹل پالیسی کے تحت اب اساتذہ کے تبادلے و تقرری کے لئے انہیں دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ ای پورٹل کے ذریعے اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر اپنی درخواستیں دے سکیں گے انہوں نے کہا کہ کوویڈ کے باعث اس سال پالیسی کا آغاز 6 جولائی سے کیا گیا ہے جبکہ آئندہ سال سے یہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہوگا اور ہر سال 15 روز کے لئے اس پالیسی کے تحت اساتذہ اپنا تبادلہ کروا سکیں گے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت تین زونز بنائے گئے ہیں ایک ریڈ زون ، دوسرا گرین اور تیسرا یلو ( پیلا ) زون ہوگا۔ صرف ریڈ زون کے اساتذہ ہی اپنا تبادلہ گرین زون میں کروا سکیں گے جس کی وجہ ریڈ زون میں اساتذہ طلبہ کے مقرر کردہ تناسب سے زیادہ ہونا ہے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ یلو ( پیلا )زون میں اساتذہ مقرر کردہ تناسب کے تحت ہوں گے اور وہاں سے وہ ریڈ زون میں نہیں جاسکیں گے البتہ وہ گرین زون میں اس وقت جا سکتے ہیں جب ریڈ زون سے اساتذہ اس زون میں اپنا تبادلہ کروائیں گے اور یہاں پر تعداد مقرر کردہ تناسب سے زیادہ ہوجائے جبکہ گرین زون میں اساتذہ کی تعداد مقرر شدہ تناسب سے کم ہے اس لیے ریڈ زون والے اساتذہ اس زون میں باآسانی اپنا تبادلہ کروا سکیں گے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے مزید کہا کہ اساتذہ کے تبادلے ہر سال تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہوں گے اور اس کے لئے مقرر کردہ وقت 15 یوم ہوگا اس کے بعد پورا سال اس کا تبادلہ نہیں ہوسکے گا۔ البتہ ریڈ زون کے اساتذہ کا تبادلہ گرین زون میں پورے سال کے دوران کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ sims.sindheducation.gov.pk کے لنک کو استعمال کرکے اس پر اپنا اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں اور اس کے ذریعے اپنی درخواست بھیج سکتے ہیں اس موقع پر سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو ، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی تحسین فاطمہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سید محمد فرخ وارثی ، پرویز علی تونیو اور دیگر بھی موجود تھے