کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان
— May 8, 2023
کراچی ( اے آئی اے ) کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آئندہ آنے والے تین روز کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے وسط سے پری مون سون بارشوں کا امکان بھی ہے، مون سون بارشوں کا دورانیہ وسط ستمبر تک برقرار رہ سکتا ہے۔، آئندہ 3 روز کے دوران شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران مغرب اور جنوب مغرب سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وسطی اوربالائی سندھ میں 8 یا 9 مئی سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، اسی دوران سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اور خشک رہے گا، جب کہ آج شام یا رات دادو، قمبرشہدادکوٹ، جیکب آباد، جامشورو، تھرپارکر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں گذشتہ کچھ عرصے کے دوران بے موسمی بارشیں ہوئیں جن کے سبب بلوچستان میں سیلاب جیسی صورت حال دیکھنے میں آئی ، گندم کی فصل کو نقصان پہنچا۔ پنجاب میں بھی بارشوں سے گندم کی فصل متاثر ہوئی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے سے شہریوں بالخصوص چھوٹے بچوں، ضعیف اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کی حالت غیر ہو سکتی ہے اس لئے بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے اگر ضروری کام ہو تو گیلے کپڑے سے سر اور جسم ڈھانپ کر باہر نکلا جائے ، پانی کی بوتل ساتھ رکھی جائے ، مرغن غذاؤں کے بجائے سادہ غذا، سبزیوں ، دہی ، لسی اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے زیادہ گرمی میں بڑی عمر کے لوگ ، چھوٹے بچے ، کمزور قوت مدافعت رکھنے والے ،مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد ، کچن میں کام کرنے والی خواتین، اسکول جانے والے بچے، سڑکوں پر کام کرنے والے مزدور ، پتھارے لگانے والے اور دھوپ میں کام کرنے والے افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں اس لئے انہیں چاہیے کہ خاص احتیاط کریں اپنے سروں کو ڈھانپیں ، چھتری لیں یا سائبان قائم کرکے کام کریں ۔