ڈاؤ یونیورسٹی نے اسکالرشپ کی رقم میں 50 ملین روپے کا اضافہ کردیا
— June 14, 2023
کراچی ( اے آئی اے ) ڈاؤ یونیورسٹی نے اسکالرشپ کی رقم میں 50 ملین روپے کا اضافہ کرتے ہوئے اپنے اسکالرشپ پروگرام کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے جو کہ موجودہ 120ملین روپے میں شامل کیا گیا ہے جوگذشتہ برسوں سے طلباء کو فراہم کیے جا رہے تھے اور ان میں میرٹ اور ضرورت پر مبنی وظائف دونوں شامل ہیں۔ اس قابل تعریف اقدام سے طلباء کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچے گا، جن کی تعداد 780 سے بڑھ کر 1000 ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ مختلف ادارے اور NGOs بھی ڈاؤ یونیورسٹی کے طلباء کو وظائف فراہم کر رہے ہیں۔ ڈاؤیونیورسٹی کے پبلک ریلیشن آفیسر کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں اضافےکے باعث ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے بسوں میں سبسڈی دی جارہی ہے، ڈاؤ یونیورسٹی کےوائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ فیس میں مجوزہ اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ متعلقہ ڈپارٹمنٹس کی جانب سے ٹرانسپورٹ فیس میں اضافہ تجویز کیا گیا تھا، تاہم طلباء کی مشکلات کے پیش ِنظر وائس چانسلر نےاضافے کی تجویز مسترد کردی ہے۔