بحیرہ اسود میں ترکیہ کا کارگو بحری جہاز عملے سمیت لاپتہ
— November 21, 2023
انقرہ( اے آئی اے ) بحیرہ اسود میں طوفان کی زد میں آکر ترکیہ کا کارگو بحری جہاز عملے سمیت لاپت موصولہ رپورٹ کے مطابق بحیرہ اسود (بلیک سی) میں طوفان کی زد میں آکر ترکیہ کا ایک کارگو بحری جہاز عملے سمیت لاپتا ہوگیا ہے ۔ترک حکام کے مطابق لاپتا ترک کارگو جہاز سے بحیرہ اسود میں آنے والے طوفان میں پھنسنے کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس کے بعد سے بحری جہازعملے سمیت لاپتا ہو گیا ہے۔حکام کے مطابق لاپتا ہونے والے کافکا میٹلر نامی ترک کارگو جہاز پر کپتان سمیت عملے کے 12 افراد سوار تھے۔حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح جہاز کے کپتان نے رپورٹ کیا تھا کہ جہاز ترکیہ کے شمال مغربی صوبے زونگلوداک کی حدود میں ایرگلی کے پانیوں سے گزر رہا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ علاقے میں سمندری طوفان کے باعث لاپتا جہاز کی تلاش کیلئے ریسکیو کشتیوں کے روانہ کرنے میں مشکلات درپیش ہیں جبکہ تیز ہوائوں کے باعث ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھی تلاش کا کام شروع کرنا ممکن نہیں ہے۔حکام کے مطابق ریسکیو اور تلاش کا کام شروع کرنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، ٹیمیں بھی تیار ہیں جیسے ہی موسمی حالات مناسب ہوتے ہیں ٹیموں کو روانہ کردیا جائے گا۔