ڈیٹا کو تحفظ دینے کیلئے مضبوط قوانین بنانے کی ضرورت ہے ، گورنر سٹیٹ بینک
— March 7, 2024
اسلام آباد ( اے آئی اے ) ڈیٹا کو تحفظ دینے کیلئے مضبوط قوانین بنانے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اسلام آباد میں بِگ ڈیٹا پر سارک فنانس سیمینار کا افتتاح کے دوران کیا۔ سیمینار میں آئی ایم ایف، عالمی بینک، عرب مانیٹری فنڈ، آئی ایف سی ، گوگل، میٹا و دیگر اداروں کے ماہرین شریک ہوئے ۔تقریب میں سارک خطّے سے آئے مندوبین ، ماہرین اور مقررین نے بھی شرکت کی ۔تقریب میں اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل میں بِگ ڈیٹا کے اثرات اور مضمرات پر بحث کی گئی ۔گورنر اسٹیٹ بینک نے مرکزی بینکاری اور مالی شمولیت میں بِگ ڈیٹا کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے پرائیویسی اور رازداری سے منسلک قانونی اور ریگولیٹری چیلنجز کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل آلات سے بننے والے غیر معمولی حجم کے ڈیٹا کا مؤثر استعمال ضروری اورڈیٹا کو تحفظ دینے کے لئے مضبوط قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔سارک ممالک خطے میں ڈیٹا پر مبنی اقدار کی تشکیل میں ایک دوسرے سے تعاون کریں۔