مظفرآباد میں جدید سہولیات سے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح

مظفرآباد میں جدید سہولیات سے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح

‎مظفر آباد ( رپورٹ حسیب گیلانی ) مظفرآباد میں جدید سہولیات سے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے ایس سی او اور ریڈ فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے مظفرآباد میں بنائے جانے والے جدید سہولیات سے آراستہ سٹیٹ آف دی آرٹ سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا . ایس سی او نے مظفرآباد میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کے ذریعے آئی ٹی کے ہونہار طلبا و طالبات اور نوجوانوں کو تیز ترین انٹرنیٹ، کمپیوٹرز اور آئی ٹی کے متعلقہ سہولیات مہیا کر دی ہیں۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ایس سی او آزاد جموں وکشمیر نے انہیں بریفنگ دی اور بتایا کہ اس پارک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ترقی کیساتھ ساتھ یہاں سے تیار ہونے والے سافٹ ویئرز کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوگی۔ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے مختلف شعبے دیکھے اور اس کی بروقت تکمیل پر ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے لیے معاشی خوشحالی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ‎ڈائریکٹر جنرل ایس سی او نے کہا کہ اس طرح کے منصوبوں کا دائرہ کار مستقبل میں آزاد کشمیر کے اضلاع، تحصیل لیول اور اہم ‎قصبات تک بڑھائیں گے، ‎اس طرح کے جدید آئی ٹی کے مراکز سے بے روزگاری کو بھی ‎ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کی کوشش ہے کہ جدت اور ترقی کے موجودہ دور میں نوجوانوں کو آئی ٹی سے متعلق تیز ترین انٹرنیٹ کینکٹیوٹی، پاور بیک اپ سمیت جدید ترین سہولیات سے آراستہ ٹیکنالوجی پارکس مہیا کیے جائیں تاکہ فری لانسرز، کاروباری اور پیشہ ور افراد کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

 

About author