خسرہ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ملک بھر میں کلینک قائم
— July 29, 2024
لندن ( اے آئی اے ) خسرہ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ملک بھر میں کلینک قائم تفصیلات کے مطابق تیزی سے پھیلنے والی وبائی بیماری خسرہ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ملک بھر میں عارضی کلینک قائم کردیئے گئے ہیں. ان کلینکس میں لوگوں کو خسرہ سے بچائو کی ویکسین لگائی جائے گی۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق یکم جنوری سے 15 جولائی کے دوران صرف لیسسٹر میں خسرہ کے 122مریضوں کا پتہ چلا لیسسٹر، لیسسٹر شائر اور رٹ لینڈ انٹیگریٹڈ کیئر بورڈ نے لوگوں سے کہا ہے کہ جن لوگوں نے خسرہ سے بچائو کی ویکسین ابھی تک نہیں لگوائی، وہ فوری طورپر مفت ویکسین لگوا لیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خسرہ سے مکمل بچائو کیلئے ویکسین کی 2خوراکوں کی ضرورت ہوتی ہے، یہ ویکسین عام طورپر 5سال تک عمر کے بچوں کو لگائی جاتی ہے لیکن یہ ویکسین ایک سال سے زیادہ عمر کے کسی بھی فرد کو لگائی جاسکتی ہے۔ خسرے سے بچائو عام طور پر زندگی بھر کیلئے ہوتا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خسرے سے بچائو کی ویکسین لگانے والے سینٹر پورے ملک میں موجود ہیں۔ خسرے کی علامات میں تیز بخار، آنکھوں میں جلن، آنکھوں کا سرخ ہونا، آنکھوں سے پانی بہنا، کھانسی اور بدن پر سرخ یا بھورے دوڑے پڑ جانا شامل ہیں، اگر کسی کو ایسی علامات نظر آئیں تو وہ دوسروں سے الگ تھلگ ہوجائے اور اپنے جی پی یا این ایچ ایس سے 111 پر فون کر کے مشورہ حاصل کرے۔