گوگل نے ڈیوائسز میں پاس کی ٹیکنالوجی کو متعارف کروادیا
— September 24, 2024
لیڈز ( اے آئی اے ) گوگل نے ڈیوائسز میں پاس کی ٹیکنالوجی کو متعارف کروادیا تفصیلات کے مطابق دنیا میں ٹیکنالوجی کمپنیزکی جانب سے ’’پاس ورڈ‘‘ ختم کرنے کیلئے کافی عرصے سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ گوگل کی جانب سے اس حوالے سے نمایاں پیش رفت کی گئی ہے اور کروم ویب براؤزر پر متعدد ڈیوائسز میں پاس کی (passkey) ٹیکنالوجی کا استعمال آسان بنا دیا گیا ہے۔ پاس کیز کو صارفین گوگل سروسز اور دیگر اکاؤنٹس جیسے واٹس ایپ میں سائن اِن ہونے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔اس کیلئے انہیں اپنے فون پر پاس کیز کیلئے سیٹ کئے گئے فنگرپرنٹ، فیس اسکین، پن یا پیٹرن کو استعمال کرنا ہوگا۔ کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ گوگل کروم کیلئے یہ نیا ٹول اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے ساتھ ساتھ ونڈوز، میک او ایس اور Linux آپریٹنگ سسٹمز میں دستیاب ہوگا۔ یہ ٹول پہلے صرف اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب تھا مگر اب اسے کسی بھی ڈیوائس میں مختلف اکاؤنٹس پر لاگ ان ہونےکیلئےاستعمال کیا جاسکے گا۔خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے سب سے پہلے اس ٹیکنالوجی کو آئی او ایس 16، میک او ایس وینچرا اور آئی پیڈ او ایس 16کا حصہ بنایا گیا تھا۔ گوگل کی جانب سے اسے 2023میں متعارف کرایا گیا اور کمپنی کے مطابق یہ ٹیکنالوجی کرپٹوگرافی استعمال کرکے صارفین کے اکاؤنٹس کو ہیکرز سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ پاس ورڈز کے برعکس ایک پاس کی خودکار طورپر بنتی ہے۔ یہ کرپٹوگرافک پاس کی ڈیوائس میں محفوظ ہوتی ہے اور ایک پبلک کی گوگل سرور میں اپ لوڈ ہوتی ہے۔ صارفین کیلئے اس کا تجربہ بالکل ایسا ہوگا جیسا انہیں پاس ورڈ آٹو فل استعمال کرنے پر ہوتا ہے۔ جب کسی فرد کی جانب سے نئی ڈیوائسز پر پاس کیز کا استعمال کیا جاتا ہے تو اسے اپنی شناخت کی تصدیق کیلئےگوگل کی نئی پاس ورڈ مینجر پن کو استعمال کرنا ہوگا تاکہ سیکورٹی زیادہ مضبوط ہوسکے۔کمپنی نے بتایا کہ یہ اپ ڈیٹڈ ٹول اس وقت کروم او ایس کے بیٹا (beta) ورژن میں دیا گیا ہے اور بہت جلد آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا۔