اقوام متحدہ نے اقوام عالم کی یادداشت کیلئے 555 زبانوں میں انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ جاری کردیا
— November 3, 2023
برسلز ( اے آئی اے ) اقوام متحدہ نے اقوام عالم کی یادداشت کیلئے 555 زبانوں میں انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ جاری کردیا تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے اقوام عالم کی یادداشت کیلئے 555زبانوں میں انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے یاد دلایا ہے کہ انسانی حقوق کیلئے یہ ہمارا مشترکہ معیار ہے۔ اقوامِ متحدہ کے جنیوا آفس کی جانب سے آج کی حکومتوں اور برسر زمین موجود افراد کی یادداشت کی تازگی کیلئے سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پر جاری کردہ ایک پیغام میں ادارے نے متوجہ کیا ہے کہ اس نے اشاروں کی زبان سمیت 550 سے زائد زبانوں میں یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس شائع کیا ہے جس کا مقصد ’’طاقت ‘‘ کے اکٹھ کے باوجود انہیں اس بات کی طرف متوجہ کرنا ہے کہ 1948 میں جدید دور کے انسان نے اپنے تجربات کی روشنی میں تمام انسانوں کیلئے حقوق کا ایک عالی شان چارٹر پاس کرکے اسے سند قبولیت بخشی تھی۔ اپنے پیغام میں اقوام متحدہ نے انسانی تاریخ کے ابتدائی ادوار میں جنگ وجدل کے برخلاف امن کے حصول کیلئے مختلف اشاروں کی اس زبان میں ایک پوسٹر بھی شائع کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5000سال قبل کےاخبار سے لے کر ZULU قبائل تک کے امن اور انسانی بقا کیلئے پیغامات اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ ہر طرح کی صورتحال میں سب انسانوں کے حقوق کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں اسرائیل فلسطین تنازع کے موجودہ حصے میں طاقتوروں کی اکثریت اسرائیل کو حق دفاع کے نام پر غزہ میں موجود فلسطینیوں کو مکمل تباہ کردینے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس (UDHR) انسانی حقوق کی تاریخ میں ایک سنگ میل دستاویز ہے۔ دنیا کے تمام خطوں سے مختلف قانونی اور ثقافتی پس منظر کے حامل نمائندوں کی طرف سے تیار کردہ اس اعلامیے کا اعلان پیرس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 10دسمبر 1948کو کیا تھا (جنرل اسمبلی کی قرارداد 217اے تمام لوگوں اور تمام لوگوں کیلئے کامیابیوں کے مشترکہ معیار کے طور پر۔ اس میں پہلی بار بنیادی انسانی حقوق کا عالمی طور پر تحفظ کرنے کا تعین کیا گیا ہے اور اس کا 500 سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ کیا جا چکا ہے۔ UDHR کو وسیع پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے کہ وہ 70 سے زیادہ انسانی حقوق کے معاہدوں کو اپنانے کیلئے حوصلہ افزائی اور راہ ہموار کرتا ہے، جو آج عالمی اور علاقائی سطح پر مستقل بنیادوں پر لاگو ہوتے ہیں۔