ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر صغیر مصطفی کمال کی جماعت میں شامل ہوگئے
— March 7, 2016
کراچی ( اے آ ئی اے ) ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر مصطفی کمال کی جماعت میں شامل ہو گئے ہیں۔ کراچی میں مصطفی کمال کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے دعوی کیا ہے کہ اس چھوٹے سے گھر میں اتنے لوگ شامل ہوں گے کہ جگہ کم پڑ جائے گی اور بڑے بڑے لوگ مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل ہوں گے، پریس کانفرنس پہ کانفرنس ہوگی اور لوگوں کا یہاں جم غفیر لگا رہے گا۔ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی جو سوچ لے کر اٹھے ہیں یہ سوچ اتنی مثبت لگی کہ میں خود چل کر یہاں آیاہوں، مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کے شانہ بشانہ مثبت کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ اپنے شہر، صوبے اور ملک شہر کیلئے بحیثیت کراچی کا شہری میں سمجھتا ہوں اپنا کردار ادا کروں اور آج اس چیز کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں رہی، کراچی ترقی کرے گا تو سندھ ترقی کرے گا، پاکستان مضبوط ہوگا۔