وزیراعظم پاکستان فوجی مشقیں دیکھنےسعودی عرب جائیں گے
— March 7, 2016
اسلام آباد ( اے آ ئی اے ) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اسلامی ممالک کی فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے رواں ہفتے سعودی عرب جائیں گے۔ وزارت خارجہ سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے پاکستانی وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت دی ہے اور وہ بدھ سے سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستانی وزیراعظم کے علاوہ کئی دیگر سربراہان کو بھی رعد الشمال نامی مشترکہ فوجی مشقیں دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔ پاکستان سمیت 21 ممالک سعودی عرب کے شمال میں ہونے والی ان مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ سرکاری بیان کے مطابق ان مشقوں کا مقصد دہشت گردوں کی طرف سے لاحق خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تربیت میں بہتری لانا ہے۔ بیان میں ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سعودی عرب کی سرحدی سالمیت کو اگر کوئی خطرہ ہوا تو اسلام آباد ہمشیہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے شدت پسندی، انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور عالمی کوششوں کی مسلسل حمایت جاری رکھی ہے اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی برادری کو اپنی حمایت اور تعاون کی پیشکش کی ہے۔