جاپان کا پاکستانی اساتذہ کیلئے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ کا اعلان
— January 7, 2024
اسلام آباد ( اے آئی اے ) جاپان کا پاکستانی اساتذہ کیلئے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ کا اعلان تفصیلات کے مطابق جاپان نے پاکستانی اساتذہ کیلئے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2024کا اعلان کیا ہے پاکستان میں جاپانی سفارت خانے نے سرکاری و نجی شعبے کے تعلیمی اداروں میں پرائمری اور سیکنڈری سکولز میں 5 سال کا تدریسی تجربہ رکھنے والے پاکستانی اساتذہ کیلئے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ2024کا اعلان کیا ہے،5سالہ تدریسی تجربہ رکھنے والے پرائمری و سیکنڈری اساتذہ 9فروری تک درخواستیں دے سکیں گے ۔ اس سکالرشپ کیلئے اپلائی کرنے والوں کی عمر35سال یا اس سے کم ہونی چاہیے۔ اس تربیتی کورس کا مقصد پاکستانی اساتذہ کو جاپان میں سکول تعلیم پر تحقیق کرنے اور جاپانی ماہرین سے جدید طریقہ کار اور تدریسی تکنیک سیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے جس سے ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔جاپان کی وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی (MEXT) ہر سال بین الاقوامی اساتذہ کو یہ اسکالرشپ پیش کرتی ہے جو جاپان کے نامزد تعلیمی اداروں میں بطور ٹیچر ٹریننگ سٹوڈنٹس جاپان میں سکول تعلیم پر تحقیق کرنا چاہتے ہیں۔ اس نان ڈگری ٹریننگ کورس کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 18 ماہ ہے۔ جاپان کی یونیورسٹی میں مطلوبہ کورس مکمل کرنے کے بعد شریک اساتذہ کو ایک سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔درخواستیں بھیجنے کی آخری تاریخ 9 فروری 2024 ہے