حکومت صنعتی ترقی کیلئے ریاست بھر میں بھرپور اقدامات کررہی ہے ، تقدیس گیلانی
— April 20, 2024
میرپور ( اے آئی اے ) حکومت صنعتی ترقی کیلئے ریاست بھر میں بھرپور اقدامات کررہی ہے ان خیالات کا اظہار آزادکشمیر کی وزیر سمال انڈسٹریز کارپوریشن و ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی پروفیسر تقدیس گیلانی نے آزاد کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے دورہ کے دوران منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کوئی ملک اور معاشرہ صنعتی ترقی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا آزادکشمیر میں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صنعتکار زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں،میرپور آزادکشمیر اور پاکستان کا اہم صنعتی زون ہے اس کی ترقی کیلئے سرمایہ کاروں کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا حکومت ریاست بھر میں صنعتی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اس مقصد کے لیے سمال انڈسٹریز کے زیر اہتمام گھروں محلوں میں چھوٹے چھوٹے صنعتی یونٹس قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے اجلاس میں صابر حسین ، اشفاق رٹوی، جاوید اقبال،غلام مرتضیٰ، سہیل شجاع مجاہد کے علاوہ ممبران ایگزیکٹیو کمیٹی اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی