ریلوے پولیس میں بھرتیاں میرٹ پر کی ہیں ، خواجہ سعد رفیق
— February 17, 2016
لاہور ( اے آئی اے ) پاکستان ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے ریلوے پولیس میں بھرتیاں میرٹ پر کی ہیں. انہوں نے ریلوے پولیس میں نئے بھرتی ہونے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹرز سے کہا ہے کہ وہ میرٹ کی بنیاد پر ریلوے پولیس کا حصہ بنے ہیں اس میں کوئی سفارش قبول نہیں کی گئی اب ان کا فرض ہے کہ وہ کسی غیر قانونی کارروائی کا حصہ نہ بنیں آئین کے تحت اِن کا فرض صرف قانونی احکامات کی پابندی ہے وہ ریلوے ہیڈکوارٹر میں نئے اسسٹنٹ سب انسپکٹرز سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ جب تک سفارش کا کلچر چلتا رہے گا یہ ملک اور اِدارے ٹھیک نہیں چل سکتے وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے ہمیں مکمل سپورٹ اور تعاون فراہم کیا ہم نے ریلوے کی طرف سے جو بھی ڈیمانڈ بھجوائی وہ پوری ہوئی ہم نے ریلوے میں آئی جی کی تعیناتی بھی میرٹ پر کی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ آپ لوگ صرف میرٹ کا ساتھ دیں مسافروں اور ان کے سامان کو ٹرین میں محفوظ بنائیں ٹرین میں کسی قسم کی بدتمیزی برداشت نہیں ہونی چاہیے ریلوے کی زمینوں کے حوالے سے آپ کی ذمہ داری ہے کہ قبضہ نہ ہونے دیں اور اُن کی حفاظت کریں آپ کی عقابی نظر اور گرفت ہونی چاہیے۔