ساؤتھ ایشین ٹیلی کام ریگولیٹرز کونسل کا اجلاس شروع
— May 15, 2024
اسلام آ باد ( اے آئی اے ) ساؤتھ ایشین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (ایس اے ٹی آر سی) کا پالیسی ریگولیشن اینڈ سروسز سے متعلق پہلا تین روزہ بین الاقوامی اجلاس منگل کو شروع ہو گیا، ایشیا پیسیفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی) کے زیر اہتمام اور پی ٹی اے کی میزبانی میں منعقدہ اجلاس میں جنوبی ایشیائی ممالک کے ریگولیٹری ماہرین اور پالیسی سازوں کا تعلق افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، ایران، بھارت، مالدیپ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا سے ہے،سیٹرک اجلاس آئی سی ٹی کے فعال منظرنامے کو سمجھنے، تحقیقی تجزیے کے آغاز اور آئندہ دو سالو ں کیلئے ایجنڈا مرتب کرنےکیلئے ایک اہم پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے۔ آئندہ دو روز کے دوران ہونے والے اس اجلاس میں 10 سیشنز ہوں گے، ورکشاپ کے پہلے دن چار سیشن ہیں، ابتدائی سیشن میں اے پی ٹی کے جی اے -16 اور ایم سی -47 پر روشنی ڈالی گئی ہے، افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ تھیں انہوں نے وزیر اعظم اور وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے ملک کی کل آبادی کا 50 فیصد حصہ خواتین کی صنفی شمولیت کے عزم کا اعادہ کیا اورڈیجیٹل صنفی تفریق کے خاتمے کیلئے چیئرمین پی ٹی اے کی قیادت کو سراہتے ہوئے اس شعبے میں نمایاں پیش رفت کا اعتراف کیا، اے پی ٹی کے سیکرٹری جنرل مسانوری کونڈونے مندوبین پر زور دیا کہ وہ ورکشاپ میں پیش کردہ موضوعات میں فعال طور پر حصہ لیں ، ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ پی ٹی اے ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر جو سیٹرک ورکنگ گروپ برائے پالیسی، ریگولیشن اور سروسز (پی آر ایس) کی بھی صدارت کر رہے ہیں، نے اجلاس کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالی۔