سپریم کورٹ کی ہدایت پر صدر سے تجاوزات کا خاتمه کردیا گیا
— November 12, 2018کراچی ( اے آئی اے ) سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ضلعی انتظامیہ اوردیگر اداروں کے تعاون سے کراچی شہر میں تجاوزات کے خلاف سب سے بڑا اور مشکل کام شروع کردیا ہے پہلے فیز میں صدر سے تجاوزات مکمل صاف کر کے شہر کے مرکز میں تاریخی عمارت ایمپریس مارکیٹ کی اصل شکل کو بحال کردیا گیا ہے جو تجاوزات میں گم ہو گئی تھی میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایمپریس مارکیٹ کے چاروں کونوں پر خوبصورت پارک تعمیر ہوں گے ماضی میں ان پارکوں کی جگہ پر دکانیں تعمیر کرکے ایمپریس مارکیٹ کے اصل ماسٹر پلان کو تبدیل کردیا گیا تھا اگرماضی میں بلدیہ سے غلطیاں ہوئی ہیں تو ضروری نہیں کہ ان غلطیوں پر قائم رہا جائے یه غلطیوں کودرست کرنے کاوقت ہے میئر کراچی نے کہا کہ جس طرح صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی ہوئی ہے اسی طرح کراچی بهر میں بھی ہوگی انسداد تجاوزات کی کارروائی بتدریج پورے شہر میں شروع کی جارہی ہے اور شہر کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا انہوں نے قابضین سے کہا کہ وہ نقصانات سے بچنے کے لئے جگہوں کو از خود خالی کرلیں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے اس پر حرف بہ حرف عمل کیا جائے گا جیسے صدر اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف من و عن عمل ہو رہا ہے جبکہ شہر کے پارکو ں میں بھی صفائی کا کام شروع کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں قدیم عمارتوں اور ہیریٹج کی حفاظت اور ان سے پیار کیا جاتا ہے اور انہیں محفوظ بنانے کے لئے کثیر سرمایہ خرچ کیا جاتا ہے ، کراچی بھی ہیریٹج کے حوالے سے خود کفیل ہے ، یہاں بھی کئی قدیم عمارتیں موجود ہیں جن کی حفاظت نہ صرف حکومت کی بلکہ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے ، ایمپریس مارکیٹ کراچی کی شناخت ہے جس کی شاندار عمارت کو دیکھ کر ماضی کا کراچی یاد آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ یہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں ویجی لینس کمیٹیاں اور ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے