صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستانی دورے پر آئے چین کے وزیر خارجہ چِن گانگ کے درمیان ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستانی دورے پر آئے چین کے وزیر خارجہ چِن گانگ کے درمیان ملاقات


اسلام آباد ( اے آئی اے ) پاکستان اور چین نے علاقائی امن اور خوشحالی کے فروغ اور بیرونی چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ فریقین نے دونوں ممالک کے مشترکہ فائدے کیلئے تجارت، معیشت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دو طرفہ تبادلوں، عوامی روابط اور ثقافت و سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا ہے . یہ اعادہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عوامی جمہوریہ چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ چِن گانگ کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ اور پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق چین کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور خیر سگالی پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک بنیادی امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کا باہمی تعاون علاقائی اور بین الاقوامی امور میں ہونے والی نئی پیش رفت کی روشنی میں مزید اہمیت اختیار کر رہا ہے۔

About author