عرب دنیا خطرناک سیکورٹی چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے، سعودی ولی عہد
— March 4, 2016
جدہ ( اے آ ئی اے ) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف نے کہا ہے کہ عرب دنیا اس وقت خطرناک سیکورٹی چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے جن کا پورے عزم اور طاقت کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق تیونس میں عرب وزرائے داخلہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ۔سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ ’’ان چیلنجوں کی کمان شرپسند بزدل عناصر کے ہاتھ میں ہے جن کا مقصد عرب ممالک کو غیرمستحکم کرنا، ان کے وجود کو خطرے میں ڈ النا، ان کے اتحاد اور یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا، ان کی دولت پر قبضہ کرنا اور عرب دنیا کے شہریوں کو غربت، بھوک اور بیماری کے گورکھ دھندوں میں پھنسانا ہے۔ بعض عناصر مسلکی اور فرقہ وارانہ اختلافات کو اپنے مقاصد پورا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں جب کہ بعض عناصر سیاسی اور اقتصادی بنیادوں پر عوام میں اشتعال پیدا کر رہے ہیں”۔ شہزادہ محمد بن نائف نے واضح کیا کہ ’’ اگر ان چیلنجوں کا سامنا پرعزم اور فیصلہ کن اندا ز سے نہ کیا گیا تو خدانخواستہ سب کو اس کے تکلیف دہ نتائج بھگتنا ہوں گیا اپنی قیادت اور عوام کے سامنے ہماری بہت بڑی ذمہ داری ہے‘‘۔سعودی ولی عہد نے عرب دنیا کے سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مربوط تعاون کے ذریعے ان واقعات کا مقابلہ کریں جو مختلف عرب ممالک میں امن و امان کی صورت حال پر اثر انداز ہوتے ہیں‘۔ سعودی ولی عہد جو عرب وزرائے داخلہ کی کونسل کے اعزازی سربراہ بھی ہیں۔ اپنے ملک کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے عرب وزرائے داخلہ کے 33 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کی شب تیونس پہنچے تھے۔