لندن میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین گرفتار
— June 12, 2019
لندن ( اے آئی اے ) لندن میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو گرفتار کرلیا گیا تفصیلات کے مطابق پاکستان مخالف تقاریر پر سکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے بانی الطاف حسین کو منگل کی صبح لندن میں گرفتار کرلیا ہے الطاف حسین سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے سکاٹ لینڈ یارڈ نے بیان میں کہا کہ 60 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا تاہم نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا بانی ایم کیو ایم نے رات پولیس اسٹیشن میں گزاری حکومت پاکستان نے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کیخلاف اگست 2016 میں پاکستان مخالف تقریر پر مقدمہ تیار کر کے برطانوی حکومت کے حوالے کیا گیا تھا تاہم اس مقدمے میں ملزم کی گرفتاری فوری عمل میں نہیں لائی گئی تھی جس کے بعد رواں برس پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے برطانیہ میں قانونی ماہرین کی ٹیم میں تبدیلی کی اور اس کیس میں ردوبدل کر کے معروف وکیل ٹوبی کیڈ مین کی خدمات لی ہیں اور نئی قانونی ٹیم نے اس کیس میں متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کو برطانوی شہری ظاہر کیا ہے اس کیس میں 2016کی پاکستان مخالف تقریر کے ساتھ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا کے ذریعے کی جانے والی تقاریر کا ریکارڈ پیش کیا اور الزام عائد کیا کہ ایک برطانوی شہری سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان میں نفرت پھیلا کر پاکستانی شہریوں کو اکسا رہا ہے جس پر کارروائی کی جائے معلوم ہوا ہے کہ منگل کی صبح سکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے گرفتاری کرائم ایکٹ کے سیکشن 44کے تحت کی گئی ہے اور اس گرفتاری کے دوران لندن سیکرٹریٹ سے سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے حالیہ سوشل میڈیا پر چلنے والی تقاریر کا ریکارڈ بھی حاصل کیاہے ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کو انٹر پول کے ذریعے پاکستان لانے کی درخواست بھی واپس لے لی گئی ہے اور برطانوی حکومت کو وہاں کے قانون کے مطابق ملزم کیخلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے