مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے ، سردار عتیق احمد خان
— April 19, 2023
مظفرآباد ( اے آئی اے ) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس ریاست کی وحدت کی پہرہ دار ہے۔ مودی کی فسطائی حکو مت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے مسلم کانفرنس ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی۔ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی قربانیوں کو کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ان خیالات کااظہار انہوں نے اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں مسلم کانفرنس کے سینئر کارکنان وعہدیدران مرکزی چیف آرگنائزر راجہ ثاقب مجید ، سابق وزیرحکومت شمیم علی ملک ، چیئرپرسن خواتین ونگ سمعیہ ساجد راجہ ، ضلع مظفرآباد کے صدر یاسر نقوی ایڈووکیٹ ، سابق امیدوار اسمبلی سجاد انور عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ کشمیر ی عوام اپنے مادر وطن سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور وہ وطن کی محبت میں مسکرا کر موت کو گلے لگا رہے ہیں کشمیریوں نے پہلے بھی ہندوستان کے جابرانہ حربوں کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی ڈٹ کر جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے نہتے کشمیری عوام 10لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج کا مقابلہ کر ر ہے۔ ہندوستانی فوجی مقبوضہ علاقے میں روزانہ درجنوں کی تعداد میں کشمیریوں کو شہید کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ سردار عتیق احمدخان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اور غیر انسانی حربوں کے آگے بندھ باندھنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔