مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس بلانے کا کوئی جواز نہیں ، بیرسٹر افتخار گیلانی

مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس بلانے کا کوئی جواز نہیں ، بیرسٹر افتخار گیلانی


مظفرآباد ( اے آئی اے ) سابق وزیر تعلیم سکولز و مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں G 20 اجلاس بلانے کا کوئی جواز نہیں رکھتا، مقبوضہ جموں وکشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے ۔ انہوں نے G 20 میں شامل ممالک پر زور دیا کہ وہ متنازعہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والے اپنے آئندہ پروگرام کا بائیکاٹ کریں۔ بیرسٹر افتخار گیلانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی بھارتی قبضے کو کشمیری کسی صورت تسلیم نہیں کرتے ہیں ، کشمیریوں نے اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھی ہوئی ہے، جدوجہد آزادی کے لیئے لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ ہزاروں حریت رہنماؤں ، کارکنوں ، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ بیرسٹر افتخار گیلانی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں اب بھارتی افواج کشمیریوں سے ان کی زمینوں کو زبردستی چھین رہی ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں بھارت کشمیریوں کو ان کے تمام بنیادی سہولیات اور انسانی حقوق سے محروم کر رہا ہے۔ پوری وادی کو بھارتی فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں ، ریاستی دہشتگردی کی دیگر سرگرمیوں نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ بیرسٹر افتخار گیلانی نے اقوام عالم سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری ظلم وستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروائی جائیں

About author