نیا پاکستان کے بعد عمران خان کا نیا آزاد کشمیر بنانے کا اعلان
— February 24, 2016
کوٹلی ( اے آ ئی اے ) نیا پاکستان کے بعد عمران خان کا نیا آزاد کشمیر بنانے کا اعلان تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیا آزاد کشمیر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام نے (ن) لیگ کی دھاندلی روک لی تو انتخابات میں فتح ہماری ہوگی، نوازشریف امپائر کو ساتھ ملاکر کھیلنے کے عادی ہیں ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے ۔ کوٹلی میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ جب تک ہم کرپشن پر قابو نہیں پائیں گے ملک کا کوئی مستقبل نہیں، بے ایمانی سے الیکشن جیتنے والے اسمبلی میں ایمانداری نہیں کرسکتے، بار بار جیتنے والوں نے صرف پیسہ بنایا، جو پیسا عوام کی تعلیم پر لگنا چاہیے وہ ملک سے باہر چلا جاتا ہے، کشمیر سے بیرون ملک جانے والوں کے بچے واپس آنا پسند نہیں کرتے، کشمیریوں کے لئے فیصلہ کرنے کا وقت آگیا ہے، اللہ نے کشمیریوں کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف نیب میں کرپشن کے 12 کیسز ہیں، انہیں ڈر ہے کہ اگر وہ اقتدا ر میں نہ رہے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ نئے خیبرپختونخوا کی طرح نیا آزادکشمیر بھی بنائیں گے، مسلم لیگ (ن) کو دھاندلی کی عادت ہے، عوام کو دھاندلی روکنے کے لئے ہر پولنگ اسٹیشن پر نظر رکھنی ہے، اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کی دھاندلی روک لی تو تحریک انصاف انتخابات جیت جائے گی۔ چیئر مین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں اداروں کو پہلے کرپشن کر کے تباہ کیا جاتاہے پھر اس کی نجکاری کردی جاتی ہے، وفاقی حکومت اداروں کو پرائیویٹائز کرنے کے بجائے ان کی انتظامیہ کو ٹھیک کرے، ہم نے خیبر پختونخوا کے اسپتالوں کی نجکاری نہیں کی بلکہ ان کی انتظامیہ کو ٹھیک کیا ہے، ہم نے کرپشن پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں سب سے کم کرپشن ہے، آئین میں صوبوں کے اختیارات کے لئے 18ویں ترمیم منظور کی گئی لیکن اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کئے گئے۔ ہم نے مالیاتی اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو دے دیئے ہیں، صرف ایک سال میں 44 ارب روپے بلدیاتی نمائندوں کو ملے ہیں ۔ ا نہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کیا جائے ، ہم کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، کشمیر یوں کو اپنی مرضی و منشاء کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہے انہیں یہ حق انٹرنیشنل کمیونٹی نے دیا ہے، اس لئے کشمیر یوں کو یہ حق دیا جائے، آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں خود انتخابی مہم چلاؤں گا، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو کوٹلی میں کامیاب جلسے پر مبارکباد دیتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ آزاد کشمیر کا آئندہ الیکشن تو آپ جیت ہی چکے ہیں لیکن نواز شریف جوکہ ا مپائر کو ساتھ ملا کر کھیلنے کا عادی ہے۔ آپ صرف دھاندلی روکنے کا بندوبست کریں، انتخابات میں جیت انشا ء اللہ پی ٹی آئی کی ہوگی ۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ایک ایسے وقت میں آزاد کشمیر میں تبدیلی کا نعرہ لگایا ہے جب مودی نواز شریف سازشیں کررہے تھے۔ جس طرح عمران خان نے بدل دو کشمیر کا نعرہ لگایا ہے اور اب آزاد کشمیر کے فیصلے آزاد کشمیر میں ہونگے۔ آزاد کشمیر کے عوام اب باہر نکل آئے ہیں اور پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر جمع ہو رہے ہیں اور آج کوٹلی کے اس تاریخ ساز جلسے میں اتنی بڑی تعدا د میں لوگوں نے شریک ہو کر فیصلہ دے دیا ہے کہ کشمیر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی سب سے بڑی عوامی و سیاسی جماعت ہے۔ اس موقع پر کشمیر پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر چوہدری ظفر انور، کشمیر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان، مرکزی ترجمان عطاء محی الدین قادری، فیصل جاوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب نے پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر عمران خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو انکا حق خود ارادیت دیا جائے ا ور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔ تاکہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہو۔ ا نھوں نے کہا کہ میں آزاد کشمیر کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی انتخابی مہم خود چلاؤں گا۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کسی کو دھاندلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔