پاکستان آرمی نے آپریشن ضرب عضب کے حتمی مرحلے کا آغاز کر دیا
— February 24, 2016
راولپنڈی ( اے آ ئی اے ) پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے حتمی مرحلے کا آغاز کر دیا ہے . آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فیصلہ کن کارروائی کا مقصد علاقے سے بچے کھچے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنا ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق بدھ کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال کا دور ہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آپریشن کمانڈر نے انہیں آپریشن ضرب عضب میں حاصل کی گئی قربانیوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔ آرمی چیف کو بتایا گیا کہ مقامی آبادی کی مدد سے شوال سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا۔ جنرل راحیل شریف نے آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جو انوں کے حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی اور ہم دہشت گردی سے پاک پاکستان کا مقصد حاصل کر کے رہیں گے ۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا حتمی مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کن کارروائی کا مقصد دہشت گردوں کو ان کے علاقوں میں تنہا اور علاقے سے بچے کھچے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کا مورال بلند ہے اور اپنا کام جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے فوجی افسر اور جوان پرعزم ہیں ا۔ دہشت گردوں کے خلاف شروع کی گئی بلا امتیاز کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچا ئیں گے ۔ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے سے متعلق قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے۔ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ضرب عضب جون سال 2014 میں شروع کیا گیا تھا ۔ اس کارروائی میں بری فوج کو فضا ئیہ کی بھی مدد حاصل ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے افراد کی اپنے علاقوں میں واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔