وزیر اعظم اور آرمی چیف کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات
— March 11, 2016
ریاض ( اے آ ئی اے ) وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے درمیان ملاقات کنگ خالد ملٹری سٹی میں ہوئی اور اس دوران آرمی چیف جنر ل راحیل شریف سمیت وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے دوران رہنماﺅں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سعودی شاہ سلمان سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عوام کے درمیان قریبی تعلقات ہیں ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا گہرا رشتہ ہے تاہم پاکستان ان تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔ سعودی شاہ سلمان نے وزیرا عظم کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔