ٹنڈوجام میں ٹرین اور ٹرک میں خوفناک تصادم ، 12 افراد جاں بحق
— February 15, 2016
حیدر آباد ( اے آ ئی اے ) ٹنڈوجام میں مزدوروں سے بھرا ٹرک تیز رفتار ٹرین کی زد میں آنے سے خاتون سمیت 12 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ افسوس ناک حادثہ ٹنڈو جام کے منیر سپیو ریلوے کراسنگ پر اس وقت پیش آیا جب مزدوروں سے بھرا ایک ٹرک ریلوے ٹریک کراس کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس کا ایک ٹائر ٹریک میں پھنس گیا، اور عین اسی وقت کراچی سے لاہور جانے والی غلام فرید ایکسپریس وہاں سے گزری اور ٹرک سے ٹکرا گئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ٹنڈوجام منتقل کیا گیا، جہاں سے 4 زخمیوں کو سول اسپتال حیدر آباد منتقل کردیا گیا ہے۔ معجزانہ طور پر حادثے میں محفوظ رہنے والے شخص پربھو کا کہنا ہے کہ ٹرک پر ایک ہی خاندان کے 13 افراد سوار تھے جو گوٹھ دریاخان ناہیوں سے محنت مزدوری کیلئے مٹیاری جارہے تھے۔