پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

pakistan-stock

کراچی ( رپورٹ امجد علی ) کاروباری ہفتہ کے آغاز پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے تیزی کے ساتھ ایک بار پھر 41432 پوائنٹس کی تاریخی بلندیوں کو چھو لیا اور مارکیٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کے ایس ای 100 انڈیکس 41400 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کر کے بند ہوا، تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 33 ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 84 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان غالب رہا، بینکنگ، پاور، گیس، ٹیلی کام اور اسٹیل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بدولت کاروبار کے دوران انڈیکس مستحکم انداز میں 41300 اور 41400 پوائنٹس کی دو بالائی حد عبور کرنے میں کامیاب رہا۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے ادارے ایمرجنگ مارکیٹس کی جانب سے پاکستان کو جنوبی ایشیا کا بہترین انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ملک قرار دیے جانے اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے 40 فیصد شیئرز کی فروخت کے معاملے پر امریکی اسٹاک مارکیٹ کے بھی پاکستانی مارکیٹ میں حصہ دار بننے کی خبروں پر سرمایہ کاروں نے مثبت ردعمل ظاہر کیا اور انہوں نے مارکیٹ میں کھل کر سرمایہ کاری کی دوسری جانب چین کی شنگھائی اسٹاک مارکیٹ بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے شیئرز خریدنے کے لئے میدان میں موجود ہے جس کے پیش نظر مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا جا رہا ہے اگرچہ مارکیٹ میں انڈیکس 41 ہزار کے قریب موجود تھی تاہم متذکرہ بالا ٹریگر نے مارکیٹ کو تکینکی کریکشن کے خدشات سے دور کر دیا ہے۔ پیر کے روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 203.49 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 41200.48 پوائنٹس سے بڑھ کر 41403.97 پوائنٹس پر جا پہنچا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28275.07 پوائنٹس سے بڑھ کر 28395.77 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 1.68 پوائنٹس کی کمی سے 22662.23 پوائنٹس پر آ گیا۔ پیر کو مارکیٹ کے سرمائے میں 33 ارب 27 کروڑ 77 لاکھ 42 ہزار 928 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 83 کھرب 88 ارب 45 کروڑ 19 لاکھ 44 ہزار 304 روپے سے بڑھ کر 84 کھرب 21 ارب 72 کروڑ 96 لاکھ 87 ہزار 232 روپے ہو گیا۔ پیر کو مارکیٹ میں 36 کروڑ 30 لاکھ 50 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 11 ارب روپے تک محدود رہی جبکہ جمعہ کو مارکیٹ میں 46 کروڑ 28 لاکھ 71 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 14 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز مجموعی طور پر 458 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 270 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 178 میں کمی اور 10 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے بینک آف پنجاب 3 کروڑ 34 لاکھ، جاپان پاور 1 کروڑ 91 لاکھ، ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 1 کروڑ 31 لاکھ، سوئی نادرن گیس 1 کروڑ 21 لاکھ اور سوئی سدرن گیس 1 کروڑ 14 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے نیسلے پاکستان کے بھاؤ میں 209.20 روپے اور صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں 61.25 روپے کا اضافہ جبکہ یونی لیور فوڈز کے بھاؤ میں 133.76 روپے اور پاک ٹوبیکو کے بھاؤ میں 49 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

About author