پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے، نواز شریف

پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے، نواز شریف

nawaz-sharif

اسلام آباد ( اے آ ئی اے ) وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ پاکستان بھر سے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب، کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن، قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد، قومی سلامتی، خطے کی صورتحال، پاک بھارت تعلقات، سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اجلاس میں وزیراعظم اور آرمی چیف کے دورہ سعودی عرب کے ایجنڈے کو بھی حتمی شکل دی گئی ہے۔ مشیر برائے قومی سلامتی جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے پاک بھارت تعلقات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں شبقدر میں دہشت گردوں کے گزشتہ روز بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے دعا مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح اور قومی عزم ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ملک بھر سے ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گرد کمزور ہو گئے ہیں۔ دہشت گردوں کے بڑے بڑے نیٹ ورک ٹوٹ چکے ہیں، ملک میں امن کی فضا قائم ہو رہی ہے۔ ملک میں مکمل امن کے قیام تک دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔

About author